بدلتا لیاری

کئی منفی سرگرمیوں کے لئے مشہورلیاری اپنے کئی روشن اور تابندہ پہلو بھی رکھتا ہے ۔پاکستانی اسپورٹس کی تاریخ لیاری سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کے تذکرے کے بغیر ادھوری اور نامکمل ہے ۔

لیاری کے قدیم باشندوں اور اصل وارثوں نے اس علاقے پر اپنی ملکیت جتا کر کبھی کسی کے لئے لیاری کے دروازے بند نہیں کیے ۔

اپنے ہم مذہبوں کے ساتھ تو لیاری والوں نے رواداری اور مروت کا برتاؤ کیا ہی ‘ ساتھ ساتھ غیرمذاہب کے لوگوں کو بھی لیاری والوں کی اس رواداری اور انسان دوستی کا بھر پور حصہ ملا ۔ یہاں پر بسنے والے غیر مسلم خصوصاََ ہندو برادری خلوصِ دل سے اس امر کا اعتراف کرتی ہے ۔

پچھلی دو دہائیوں سے طاری امن و امان کی خراب صورتحال نے یہاں کی صحت مندانہ سرگرمیوں کو بھر پور نقصان پہنچایا ہے ۔ لیکن اب بھی لیاری کے میدان کھلاڑیوں اور کھیل سے لطف اندوز ہونے والوں سے خالی نہیں ہوئے ۔ اب بھی یہاں کی غالب اکثریت بندوق اٹھانے والے کے بجائے فٹ بال کھیلنے والے کو احترام کی نظر سے دیکھتی ہے ۔

یہاں کے بڑے بوڑھے بتاتے ہیں کہ جب پورا شہرِ کراچی فسادات کی آگ میں جل رہا ہوتا تھا ‘ تب لیاری میں مکمل امن ہوتا تھا ۔ شاید لیاری کی اسی خوبی کی وجہ سے بالعموم پورے ملک اور بالخصوص پورے شہر سے کئی خاندانوں نے یہاں بسنے کا فیصلہ کیا ۔ یوں ‘ آبادی کے لحاظ سے لیاری کا شمار کراچی کے چند بڑے ٹاؤنز میں ہونے لگا ۔

لیاری کے جفاکش لوگ محنت سے کبھی جی نہٰین چراتے ۔ لیاری کا گدھا گاڑی چلا کر اپنی ہانڈی روٹی کرنے والا ان پڑھ شخص پڑھے لکھے کرپٹ افسر سے بہتر ہے ۔

یہاں کے لوگ معاشی زبوں حالی کے باوجود اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کررہے ہیں ۔ یہاں کے مدرسوں اور اسکولوں کی بھر پور رونق اس بات کی گواہی دیتی ہے ۔ البتہ لیاری کی درسگاہوں کے تعلیمی معیار پر ضرور سوال اٹھایا جاسکتا ہے ۔

واقفانِ حال اچھی طرح جانتے ہیں کہ سوشل ورکنگ ، آرٹ ، کھیل ، ادب ، اداکاری اور موسیقی کے حوالے سے لیاری ایک بھر پور شناخت رکھتا ہے ۔ لیاری کے اس مثبت اور تابندہ پہلُو کو دُنیا کے سامنے اجاگر کرنے کا شعور بھی آجکل یہاں بیدار ہورہا ہے ۔ یہاں کا نوجوان طبقہ لیاری کے منفی تاثر کے حوالے سے بھر پور تحفظات رکھتا ہے ۔ اس تاثر کو زائل کرنے کا بیڑہ لیاری کا نوجوان اٹھا چکا ہے ۔ اس نوجوان کا سچا جذبہ اور پختہ عزم بتاتا ہے کہ بہت لیاری کے حوالے سے عمومی تاٖثر میں ایک غیر معمولی تبدیلی آیا چاہتی ہے